Friday, 18 January 2019

عبادت کا بلاوا

" عبادت کا بلاوا "
اللہ سبحانہ تعالی کی عبادت ، میرا اور آپکا ایمان ہے , کہ لازم ہے ۔ یہی ایک فعل ہے جس سے ہم  اللہ کا بندہ ہونے کا اقرار کرتے ہیں  ۔ اگر ہم مشاہدہ کریں تو بہت سارے لوگ نماز سے گریز کرتے نظر آئیں گے ۔ کچھ بہانے تلاش کرتے ہیں ۔  کچھ سرکشی کرتے ہیں  ۔  کچھ کاہلی سے کام لیتے ہیں اور کچھ انکاری بھی ہو جاتے ہیں ۔ اسی طرح حج بیت اللہ ہر صاحب استطاعت پر فرض ہے ، مگر کتنے صاحبان استطاعت ہیں جو اس فریضہ کو ادا کرنے کی سعی نہیں کرتے بلکہ سیر و سیاحت کے شوق میں دنیا گھوم لیتے ہیں ۔ زکواة بھی ہر صاحب حیثیت پر فرض ہے ۔ مگر ہم ٹیکس کی مد میں ، اپنا فرض سمجھتے ہوئے یا حکومت کے جبر کے تحت ٹیکس دیتے ہیں ، انسان کا خوف اللہ کے خوف پر حاوی ہو جاتا ہے ۔
ایسا کیوں ہوتا ہے ۔ یہ سب اللہ سے دوری کے باعث ہے ۔ چونکہ ہم عملی زندگی میں اللہ کے احکام سے دور جاتے ہیں ۔ اللہ کی محبت پر دنیا کی محبت کو ترجیح دینے لگتے ہیں ۔ اللہ سبحانہ تعالی جو ستر ماوں سے زیادہ پیار اپنے بندے سے فرماتا ہے ۔ ہم اس پیار اور محبت سے دوری اختیار کر لیتے ہیں ۔ پس یہی سبب ہے کہ ہمیں نماز ، روزہ ،  حج اور دیگر عبادات پر بلانا کم کر دیا جاتا ہے ، یا پھر بالکل بند کر دیا جاتا ہے ۔
ہمیں ذہن میں رکھنا چاہئیے اور بخوبی باور ہونا چاہئیے کہ اگر ہم نماز سے ، حج سے ، روزے سے ، زکواة سے فرارہو رہے ہیں تو اللہ سے دوری کے سبب ہے ۔ اسے بد بختی سمجھنا چاہئیے اور اللہ سے گریہ و زاری کرنی چاہئیے ۔ تاکہ اللہ سبحانہ تعالی بلاتا رہے  اور ہم اسکی آواز پر لبیک کہتے بھاگ بھاگ کر جاتے رہیں ۔ تاکہ اللہ کیطرف قربت ملتی رہے ۔ عبادت کا بلاوا اللہ سبحانہ تعالی کی محبت کا اظہار ہے ۔ اسے ہی بلایا جاتا ہے جس کے دل میں اللہ کی محبت ہو ۔ اپنی اپنی ذات کا محاسبہ کریں کہ ہم سے اللہ کی عبادات کی کوتاہی کیوں ہے ۔ اس کے ازالے کی کوشش میں لگ جائیں ۔
ازاد ھاشمی
18 جنوری 2018

No comments:

Post a Comment