" عجوبے "
پاکستان کی دھرتی کو اللہ نے ان تمام نعمتوں سے نوازا ہے ، جن کی کسی بھی انسان کو ضرورت ہو سکتی ہے ۔ ہنرمندی میں بھی کمال دیا ، ذہانت کی بھی انتہاء ہے ۔ محنت کشی میں بھی مثال قوم ہے ۔ سیاسی شعور میں بھی عروج ہے ۔ ریہڑی پہ پھل فروش بھی عالمی سیاست کی باتیں کرتا ہے ۔ بکریاں چرانے والا چرواہا کمال کا طبیب ہے ۔ حمام کا نائی سقراط اور بقراط سے زیادہ دانشور ہے ۔ آئن سٹائن کے سکول ماسٹر بھی کسی نہ کسی چائے خانے میں مل جائیں گے ۔ محلے کی دوکان کا پرچون فروش معیشت پر کتاب لکھ ڈالتا ہے ۔
ان ساری خوبیوں کے باوجود ، یا یوں کہہ لیں کہ ان تمام ناقابل یقین عجائبات کے باوجود ہم کچھ شعبوں میں اپنا لوہا نہیں منوا سکے ۔ ہم نے چابی پہ چلنے والے صدر تو بنا لئے ہیں ، مگر یہ ابھی بھی کبھی کبھی انسانوں والی حرکتیں کر جاتے ہیں ۔ کبھی کبھی بولتے ہوئے دیکھے جاتے ہیں ۔ ایسا اکثر ہوتا ہے کہ کسی ملکی تقریب میں جب انکو لایا جاتا ہے تو ہو بہو گوشت پوست کے سانس لیتے ہوئے انسان بھی لگتے ہیں ۔ ہم نے ان پڑھ کو وزیر بنا لیا تو وہ فلاسفر نظر آتا ہے ۔ پنڈ کا میٹرک پاس سیاستدان دفاعی ٹیکنالوجی کا وزیر ہے ۔ قانون بنانے والے نالیاں اور گٹر بناتے ہیں ۔ قانون پولیس بناتی ہے ، پولیس عدالت کی رہنمائی کرتی ہے اور عدالت کے فیصلے سے پہلے عملدرآمد بھی خود ہی کر لیتی ہے ۔ سرحدوں کے محافظ سول اداروں کی تجدید و تکوین میں مصروف ہیں ۔ مذہبی قائدین کا کام اسلام سکھانا تھا انہوں نے کافر بنانے کا کام شروع کر رکھا ہے ۔ پاکستان کے کتنے ہی عجوبے ہیں ، شمار نہیں ۔
آزاد ھاشمی
Sunday, 18 March 2018
عجوبے
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment