" آئیے ! دعا مانگتے ہیں "
اے غفور الرحیم ! اے علیم بالذات الصدور !
ہم تیرے حبیبؐ کی امت ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں ۔ مگر ہم نے یہاں کے زانی ، شرابی ، بدکردار ، اقتدار کے کتوں اور تیرے احکامات کے سرکشوں کو رہبر مان لیا ہے ۔ ہمیں اس حماقت سے نجات عطا فرما !
اے مالک و قادر ! ہم نے تیرے ذکر ، تیری تسبیح و تمحید کرنے کیلئے دی جانے والی زبان کو ان سیاستدانوں کی تعریفوں پر مصروف کر لیا ہے ۔ رات دن ان کے گن گاتے رہتے ہیں ۔ ہمیں وہ زبان دے دے جو تیرے ذکر میں مشغول رہے ۔
اے رب العرش العظیم ! ہمیں جو امیدیں تیری ذات سے وابستہ کرنا چاہئیے تھیں ، وہ ہم نے ان دنیا داروں سے لگا لی ہیں ۔ ہم اپنی منزل کا نشان بھول گئے ہیں ۔ ہمیں ہماری منزل کیطرف موڑ دے ۔
اے تمام قوتوں کے مالک ! ہم ان کمزور انسانوں کو مسائل اور ضرورتوں پر قادر ماننے لگ گئے ہیں ۔ تیری ذات کو چھوڑ کر ان کے پیچھے پیچھے انکو مسیحا مان کر بھاگ رہے ہیں ۔ ہماری عقل کھو گئی ہے ۔ ہمیں عقل سلیم عطا فرما دے ۔
اے سمیع العلیم ! ہماری سن لے ، بیشتر اس کے کہ ہم اپنی دنیا اور عاقبت گنوا بیٹھیں ، بیشتر اسکے کہ ہماری نادانیاں ہمیں فہم و شعور سے عاری کر دیں ، بیشتر اس سے تیری پکڑ آ جائے ، ہمیں اپنے حبیبؐ کے اسوہ کا پابند کر دے ۔ منافقت کو ہم نے سیاست اور منافقوں کو رہبر مان لیا ہے ۔ ہمیں ہدائت کی روشنی عطا فرما دے ۔
ہماری خطاوں کو نہ پکڑنا ۔
آزاد ھاشمی
Sunday, 18 March 2018
آئیے ! دعا مانگتے ہیں
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment