" ڈاکٹر اشرف جلالی صاحب کے نام "
محترم جلالی صاحب ! اللہ آپ کے علم میں مزید اضافہ فرمائے . آپ کی ایک ویڈیو کلپ دیکھنے کا اتفاق ہوا . جس کا مدعا یہ تھا کہ موجودہ سیاست تمام خبائث کی جڑ ہے . مجھے آپ کی بات سے کلی اتفاق ہے . آپ کی دوسری منشاء یہ تھی کہ اس سیاست میں تبدیلی لانے کیلئے لوگوں کو آپ جیسے معتبر نام منتخب کرنے ہونگے . میری ناقص عقل نے یہ اخذ کیا کہ آپ , اپنے رفقاء کے ساتھ میدان میں اترنا چاہتے ہیں . اگر ایسا ہے تو یقینی طور پر آپ جمہوری طرز حکومت کے مطابق حصہ لیں گے . جمہوری طرز حکومت کو کیسے ثابت کریں گے کہ یہ نظام اسلام کے طرز حکومت سے مطابقت رکھتا ہے . اسلام کے نظام کیلئے شاخوں سے شروع کرنے کی بجائے جڑ سے شروع کیوں نہیں کرتے . آپ نے نہایت کامیابی سے حکومت کو زمین پہ بچھا دیا . اگر آپ کے ذہن میں ہے کہ یہ آپ لوگوں کے ادراک سے ہوا تو خام خیالی ہے . یہ کامیابی اور لوگوں کا ولولہ اسلام کی خاطر تھا . لوگوں نے سر پہ کفن حب رسول صل اللہ علیہ وسلم کیلئے باندھے . جب آپ انتخاب کیلئے مروجہ جمہوریت کی سیڑھی استعمال کریں گے , تائید ربی آپ لوگوں کے شامل حال نہیں رہے گی . آنے والا وقت اسی کا ہے , جو خلوص نیت سے اسلامی نظام کیلئے آگے بڑھے گا . جمہوریت کا سہارا منافقت ہوگا اور دھوکہ ہو گا , ان قربانیوں سے جنہوں نے آپ لوگوں کی آواز پر کفن باندھ لئے .
از راہ کرم , ارادے تبدیل کر کے اسلامی انقلاب کی آواز دیں . مسالکی انقلاب کی نہیں . سنی مسلک کی طاقت کا مظاہرہ کرنے کی بجائے , مسلمان عقیدے کی طاقت کا مظاہرہ کریں . یہی طریقہ ہے مروجہ سیاست کودفن کرنے کا . کفر کے فتووں کی کتابیں مدرسوں تک محدود کر دیں اور کافروں کو اسلام کی روشنی دکھانا شروع کریں . وہ کردار لیکر اٹھیں کہ اقلیتیں بھی آپ کی آواز بن کر آپ کے ساتھ آ جائیں . زبان اور کردار میں وہ مٹھاس بھر لیں کہ ہر کوئی آپ کیطرف کھنچا چلا آئے .
مجھے نہیں معلوم کہ ان چند الفاظ کا آپ کیا مفہوم لیں گے . کیونکہ آپ عالم بھی ہیں , ڈاکٹر بھی اور بہت سارے مقلدین کے رہنماء بھی . علم میں بردباری ہو تو کمال ہے . عجز ہو تو اعجاز ہے اور اکڑ آ جائے تو .....
امید ہے کہ اس سمع خراشی سے آپ سیخ پا نہیں ہونگے .
والسلام
ازاد ھاشمی
26 نومبر 2017
Monday, 26 November 2018
ڈاکٹر اشرف جلالی صاحب کے نام
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment