" محب وطن کون غدار کون "
ہم نے جمہوریت کو سینے سے لگایا ، اور اسی کی آشیرباد سے عوامی لیگ اکثریت حاصل کر گئی ۔ مجیب آزاد تھا اسکی پارٹی کو حب الوطنی کا سرٹیفیکیٹ مل چکا تھا ، اسی سبب وہ الیکشن کے اہل تھے ۔ پھر کیا ہوا ، وہ ایسے غدار بنے کہ ملک کو توڑ کر رکھ دیا ۔ ایسا یوں ہوا کہ انکا حق انہیں نہیں دیا گیا ۔
جب سے پاکستان بنا ، پاکستان کے لئے کام کرنے والوں میں سندھ کا کردار بھی واضع تھا ، سندھی قائیدین کو غداری کی ٹوپی پہنا کر پاکستان کی تعمیر سے الگ کر دیا گیا ، کس نے کیا جو از خود محب وطن کہلاتے تھے ، اس غداری کے لقب میں جی ایم سید سر فہرست رہے ۔ ایسا ہی سلوک عبدالغفار خان سے کیا ، انکی حب الوطنی مشکوک بھی رہی اور انکی اولاد نے اقتدار میں آنے کے باوجود کسی غداری کا ارتکاب بھی نہیں کیا ۔ بلوچستان میں وہاں کے بیشتر سرداروں کو غدار بنا بنا کر پہاڑوں پہ لڑنے کے لئے چڑھا دیا ۔ اکبر بگتی وہاں اقتدار میں بھی رہے ، تب تک انکی غداری قبول رہی ، پھر اچانک انکا مار دینا لازم ہو گیا ۔ یہی حال کراچی میں ہوا ، پوری کراچی کی آواز بلا شرکت غیرے لسانیت کی طرف مڑ گئی ، کہنا یہ تھا کہ اردو بولنے والوں کے حقوق میرٹ سے ہٹ کر کوٹے کے نام پر غصب کئے جاتے ہیں ۔ مطالبات غلط ہوں یا درست ، فرما رواوں کا فرض ہوتا ہے کہ مسائل کا ایسا حل ڈھونڈیں جو حق پر مبنی ہو ۔ دھونس اور دباؤ مسائل کو وقتی طور پر دبا دیتے ہیں ، جو وقت کے ساتھ پختگی اختیار کر لیتے ہیں ۔ اب سوال یہ ہے اگر یہ سب لوگ غدار تھے یا غدار ہیں ، تو پھر ان سے ووٹ لیکر اقتدار کی کرسی حاصل کرنے پر مصلحت کو کیا کہا جائے گا ۔ انکو چھوٹ دئیے رکھنا غداری نہیں تو کیا ہے ۔ غداری کے محرک چند لوگ ہوا کرتے ہیں ، ان کو سزا دینا ممکن بھی ہوتا ہے مگر پورے کے باسیوں کو غدار سمجھ کر ڈنڈا پکڑ لینا کہان کی حب الوطنی ہے ۔ اس وطن کو چند لٹیرے خاندانوں نے حب الوطنی کا تاج سر پر سجا رکھا ہے اور ہر دوسرے مکتبہ فکر کو غدار کہہ ڈالنے میں ذرہ برابر توقف نہیں کرتے ۔ وہ سب جو ملکی معیشت اور وسائل کو نوچ نوچ کر کھا رہے ہیں ، وہ سب جو اپنے حلف سے غداری کرتے ہوئے اپنے فرائض کو ادا نہیں کر رہے ،۔ وہ سب جو اپنی نااہل اولادوں کو اہم پوسٹوں پر بٹھائے بیٹھے ہیں ۔ کیا یہ سب محب وطن ہیں ۔ کیا یہ اصل غدار نہیں ۔ سارے بنگالی غدار نہیں تھے ، سارے مہاجر غدار نہیں ، سارے سندہی ،سارے بلوچ غدار نہیں ہو سکتے ۔ میں پنجابی ہوں ، پنچاب پر کبھی غداری کا الزام نہیں لگا ۔ شائد یہی سبب ہے کہ ہر کوئی پنجابی اسٹیبلشمنٹ کا طعنہ دیتا ہے ۔
وجہ کچھ بھی ہے ، ہمیں مفاہمت کی راہ نکالنا ہو گی ، غداری کا الزام لگا کر مسائل کا حل نہیں نکلے گا ۔
شکریہ
آزاد ہاشمی
Tuesday, 14 March 2017
محب وطن کون غدار کون
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment