" قرآن کو آسان بنا دیا "
اللہ سبحانہ تعالیٰ نے فرمایا ۔
" اور حقیقت یہ ہے کہ ہم نے قرآن کو نصیحت حاصل کرنے کیلئے آسان بنا دیا ہے ، اب کیا کوئی ہے جو نصیحت حاصل کرے " (سورہ القمر ٢٢ )
قرآن کیلئے حکم ہے کہ جب اسے پڑھنے بیٹھو تو غور سے پڑھو ، پھر جو پڑھ رہے ہو اس پر فکر کرو ، یعنی سمجھنے کی سعی کرو اور اس انہماک سے پڑھو ، جو قرآن پڑھنے کا حق ہے ۔ قرآن کریم دنیا میں وہ واحد کتاب ہے ، جسے سینکڑوں بار بھی پڑھو تو ہر بار علم و ہدایت کے نئے سے نئے باب کھلتے ہیں ۔ صرف روحانی علوم تک محدود نہیں ، بلکہ ضابطہ حیات کے ہر ہر پہلو پر آسان اور مدلل رہنمائی موجود ہے ۔ قرآن پاک کا اعجاز اور حسن یہ ہے کہ ہر لفظ کے بعد دوسرا لفظ ، پہلے لفظ اور حکم کی تفصیل ، تشریح اور اگاہی از خود کر دیتا ہے ۔ اسی ترتیب سے قرآن پڑھ لیا جائے تو قاری اس قابل ہو جاتا ہے کہ کوئی بھی راستہ بھٹکانے والا آسانی سے کامیاب نہیں ہو پاتا ۔ قرآن ایسا پیمانہ ہے ، جس پر کسی بھی عمل ، علم اور فعل کو پرکھا جا سکتا ہے ۔ اسی بات کو واضع طور پر اس آیت میں دہرایا گیا ہے کہ قرآن کو نصیحت کی غرض سے آسان بنایا گیا ہے ۔ کیا اب بھی کوئی نصیحت حاصل کرنے میں ابہام باقی ہے ۔ ایک عرصے سے بحث چل رہی ہے کہ قرآن کو سمجھنے کیلئے ضروری ہے کہ احادیث ، تفاسیر اور دیگر امدادی مواد سے استفادہ کیا جائے ۔ قرآن کو جانے بغیر کیسے پتہ چلے گا کہ جن کتب سے ہم استفادہ کر رہے ہیں ، انکی صداقت کس حد تک قابل تقلید ہے ۔ پیمانہ قرآن ہے جو دوسرے تمام علوم کی صداقت پرکھ سکتا ہے ۔ ہم قرآن کو کسی دوسرے علم سے پرکھنے اور سمجھنے کی کوشش کریں گے ، تو قوی امکان ہے کہ حقیقت سے دور نکل جائیں ۔ یہی ہوا کہ احادیث کا علم رکھنے والے بھی اس بات پر متفق ہیں کہ احادیث میں بہت ساری باتیں درست نہیں ہیں ۔ اسی سے فروعی اختلافات اور مسائل پیدا ہوئے ۔ تفاسیر لکھنے والے علماء اور اکابرین کی کوششیں قابل تحسین ہیں ، مگر انہوں نے بھی بہت ساری ذاتی آراء کو سچ ثابت کرنے کی تعدی کی ہے ۔ ہونا یہ چاہئیے تھا کہ ہم کسی دوسری روایت کو قرآن کے پیمانے پر پرکھتے ، کیونکہ مستند قرآن ہے ۔ حدیث کی صداقت کی سند بھی قرآن ہے ۔ اسلئے فرض ہے کہ ہم جو بھی نصیحت حاصل کرنا چاہیں وہ قرآن سے حاصل کریں ۔ اسی معیار پر احادیث ، تفاسیر اور دیگر علوم کو پرکھتے ہوئے ، اپنی زندگی کے امور کا تعین کریں ۔ اللہ کا حکم یہی ہے ۔
آزاد ھاشمی
٢٢ جولائی ٢٠١٨
Tuesday, 24 July 2018
قرآن کو آسان بنا دیا
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment