Thursday, 16 August 2018

خلافت اور اسلامی نظام

" خلافت  اور اسلامی نظام "
اسلامی نظام کی بات کرتے ہی ، چند سوالات کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے ۔ اب تو کچھ دانشوروں نے یہاں تک تحقیق کا دائرہ وسیع کر لیا ہے کہ دنیا میں کبھی بھی خلافت قائم نہیں تھی ۔ اور نہ ہی یہ سوچ قابل عمل ہے ۔ اسکے بہت سارے دلائل بھی دئیے جاتے ہیں اور ثبوت بھی کہ جسے ہم خلافت کا دور سمجھتے رہے ہیں ، وہ فساد کا دور تھا ۔ یہاں تک تحقیق کر لی گئی ہے کہ خلافت کی سوچ ہی احمقانہ ہے ۔ جمہوریت اس سے زیادہ بہتر نظام ہے ۔ یہ بھی پوچھا جاتا ہے کہ خلافت کیسے قائم کی جا سکتی ہے ۔ یعنی آپ نے اسلامی نظام کی بات کی اور اسے خلافت کیطرف موڑ کر رد کر دیا جاتا ہے ۔ اس بحث میں پڑے بغیر کہ خلافت کے سیاق و سباق کیا تھے ، کیا رکاوٹیں ہیں ۔ اور اگر اسے اسلامی نظام کے ساتھ نہ بھی جوڑا جائے تو شاید اسلامی نظام کو سمجھنا زیادہ آسان ہو جائے ۔ اسلامی مملکت کے سربراہ کیلئے " امیر المومنین " کا لاحقہ و سابقہ نہ بھی لگایا جائے تو اسلامی نظام پر پھر بھی بات ہو سکتی ہے ۔ صرف یہ سمجھنا ہوگا کہ جب ہم کسی نظام کی بات کرتے ہیں تو اسکا کیا مطلب ہوتا ہے ۔ کوئی نظام ہو ، اسکا دائرہ کار حکومت چلانے کے طریقے ، عوام کے حقوق و فرائض کا تعین ، امن و امان اور عدل و انصاف کے ساتھ ایسے نظم و ضبط کو لاگو کرنا ہوتا ہے کہ ہر شہری جنگل کے جانوروں کی آزاد نہ ہو ۔ہر  ہری ایک اچھے معاشرے کی حدود و قیود کا پابند ہو  ۔ ہم اپنی حدود سے باہر دوسروں کی حدود کی پاسداری کریں ۔  اس کا سب سے اہم مرحلہ ان لوگوں کا تعین ہے جو اس نظام کو آگے لیکر چلیں جنہیں ہم حکمران کہیں یا کوئی دوسرا نام دے لیں ۔ بس یہی نظام ہے ۔ اگر اسے قرآن اور اسوہ حسنہ کے تابع کر دیا جائے تو اسلامی نظام کہلائے گا ۔ اگر اسے انسان کے بنائے گئے طریقوں کے تابع کر دیا جائے تو غیر اسلامی کہلائے گا ۔ ہر غیر اسلامی نظام کیلئے قانون سازی ، اختیارات کی کھینچا تانی ، اقتدار کا حصول ، عوام کے مسائل کی الجھنیں وغیرہ وغیرہ کبھی سکون اور امن کی فضا قائم نہیں ہونے دیتیں ۔ سزائیں انسانی قانون کے تحت کئی  گئی موشگافیوں کی وجہ سے مبہم ہو جاتی ہیں ۔ مکار مجرم یا طاقتور مجرم آسانی سے راستہ ڈھونڈھ لیتا ہے ۔ مگر اسلامی نظام ان تمام الجھنوں سے مبرا ہوتا ہے ۔ اٹل اصول ، اٹل فیصلے اور دوٹوک وضاحتیں اسے زیادہ واضع کر دیتی ہیں ۔ غیر اسلامی نظام میں " ہر کہ آمد ، عمارت نو ساخت " کا سلسلہ جاری رہتا ہے ۔ اسلام میں ایسا نہیں ۔ اگر ہم خلافت کی بحث میں پڑے بغیر اسلامی نظام کی بات کریں تو میری ناقص سوچ کے مطابق زیادہ آسانی سے سمجھ آ جائے گی ۔
آزاد ھاشمی
١٧ اگست ٢٠١٨

No comments:

Post a Comment