Friday, 6 July 2018

اللہ کب مدد فرماتا ہے

" اللہ کب مدد فرماتا ہے "
سورہ محمد ٧ میں اللہ سبحانہ تعالیٰ نے فرمایا ہے
" اے ایمان والو! اگر تم اللہ کی ( دین میں ) مدد کروگے  ، تو وہ تمہاری مدد کرے گا اور تمہارے قدم جما دے گا "
جب بھی قرآن پاک کو انہماک سے پڑھتا ہوں ، ایمان میں پختگی بھی آتی ہے اور حیرانی بھی ہوتی ہے کہ اس کھلی ہوئی ہدایت کو ہم سمجھ کیوں نہیں سکے ۔ چودہ سو سال کی تہذیب و تمدن یکسر تبدیل ہے ۔ آج ہم جس دور میں رہتے ہیں ، ترقی کا عروج ہے ۔ مگر اسکے باوجود ہم چودہ سو سال تو کجا ، اگلے چودہ سال کا لائحہ عمل مرتب نہیں کر سکتے ۔قرآن پاک نے کس آسان اور عام فہم طریقے سے آج کے مسائل کا حل بتا دیا ۔ مسلمانوں کو بہت واضع طریقے پر سمجھا دیا گیا ، کہ کسی خوش فہمی میں مت رہنا ۔ اگر تم اہل ایمان ، اللہ کے دین کی سربلندی کیلئے عملی طور پر کچھ کرو گے ۔ تو اسی صورت میں اللہ تمہاری مدد کرے گا ۔ کہ تمہارے متزلزل ارادے ، شکست خوردہ حالات اور اکھڑے ہوئے قدم اسی شرط پر جمائے گا ۔ کہ تم اسکے دین کی سربلندی کے کام میں لگ جاو ۔
اگر اسی پس منظر میں غور کریں تو ہم نے اللہ کے دین کو حجروں میں بند کردیا ۔ اسکے پیغام یعنی قرآن پاک کو چمکتے ہوئے غلاف میں بند کیا اور طاق میں سجا دیا ۔ قسم کھانے کی ضرورت پڑی ، عدالت میں گواہی دینا پڑی ، کوئی وظیفہ کرنے کا ارادہ ہوا تو قرآن پڑھ لیا ۔ مولوی نے بتا دیا کہ اگر میرے بغیر سمجھنے کی کوشش کی تو بہک جاوگے ۔ ہم نے مان لیا اور اپنی زندگیوں سے اللہ کے دین کو نکال باہر کیا ۔ اللہ نے ہمیں ہمارے حال پر چھوڑ دیا ، آج ہم مسلمان پوری دنیا میں رسوا بھی ہیں ، بزدل بھی اور زیر عتاب بھی ۔ ہمیں کسی نے بتایا ہی نہیں کہ اللہ کی نصرت  پانے کیلئے اسکے دین کی سربلندی کیلئے کام کرنا ہو گا ۔
آزاد ھاشمی
٦ جولائی ٢٠١٨

No comments:

Post a Comment