" اسلام میں سیاست ( ١ ) "
ملاحظہ ہوں وہ دلائل جن کی بنیاد پر چند محقق کہتے ہیں کہ سیاست عبادت ہے اور انبیاء کا طرز ہے ۔
پہلی دلیل ۔
" اسلام میں سیاست اس فعل کو کہتے ہیں جس کے انجام دینے سے لوگ اصلاح سے قریب اور فساد سے دور ہوجائیں۔ "
دوسری دلیل ۔
" قرآن کریم میں لفظ سیاست تو نہیں البتہ ایسی بہت سی آیتیں موجود ہیں جو سیاست کے مفہوم کو واضح کرتی ہیں، بلکہ قرآن کا بیشتر حصّہ سیاست پر مشتمل ہے، مثلاً عدل و انصاف، ا مر بالمعروف و نہی عن المنکر ،مظلوموں سے اظہارِ ہمدردی وحمایت ،ظالم اور ظلم سے نفرت اور اس کے علاوہ انبیا ٴاور اولیأ کرام کا اندازِ سیاست بھی قرآن مجید میں بیان کیا گیا ہے "
تیسری دلیل ۔
تیسری دلیل میں سورہ بقرہ کی درج ذیل آیت پیش کی جاتی ہے ۔
”ان کے پیغمبر نے کہا کہ اللہ نے تمہارے لیے طالوت کو حاکم مقرر کیا ہے۔ ان لوگوں نے کہا کہ یہ کس طرح حکومت کریں گے۔ ان کے پاس تو مال کی فراوانی نہیں ہے۔ ان سے زیادہ تو ہم ہی حقدار حکومت ہیں۔ نبی نے جواب دیا کہ انہیں اللہ نے تمہارے لیے منتخب کیا ہے اور علم و جسم میں وسعت عطا فرمائی ہے اور اللہ جسے چاہتا ہے اپنا ملک دے دیتا ہے کہ وہ صاحب وسعت بھی ہے اور صاحب علم بھی “
کیا ان تینوں دلائل کا کسی بھی مروجہ سیاست سے دور دور کا بھی تعلق نظر نہیں آتا ہے ؟ کوئی بھی ذی شعور شخص ان دلائل کو سیاست کہہ سکتا ہے؟
حقیقت یہ ہے کہ جتنے بھی انبیاء مبعوث ہوئے ، جتنے بھی رسول بھیجے گئے ، جتنے بھی مصلح آئے ، جتنے بھی مذاہب ہیں ، سب کا ایک ہی مطمع نظر اور ایک ہی فرض رہا کہ بنی نوع انسان کو برائی سے نکال کر بھلائی اور فلاح کیطرف لایا جائے ۔ اقتدار کا حصول کسی بھی طور مقصد نظر نہیں آتا ۔ کسی نبی نے اقتدار حاصل کرنے کی سعی نہیں کی بلکہ انسان کیلئے اللہ کے احکامات ہی کا نفاذ چاہا ۔ انسان کا ذہن بھلائی کیطرف موڑنے ہی کی کوشش کی ۔ کسی بھی نبی کا حاکم وقت سے اقتدار حاصل کرکے اللہ کے احکامات کو لاگو کرنے کی کوئی مثال موجود نہیں ۔ نوحؑ کا کوئی ارادہ نہیں تھا کہ حاکم وقت بن جائیں ۔ ابراہیمؑ کی نمرود سے حکمرانی کا جھگڑا نہیں تھا ۔ موسیؑ کا فرعون کی سلطنت گرانے سے کوئی سروکار نہیں تھا اور نہ سرور کائناتؐ کو عرب کی بادشاہی کا شوق تھا ۔ سب کے سب رسول اور سب کے سب انبیاء رب کے احکامات سے بال برابر بھی انحراف نہیں کرتے تھے ۔ جو اللہ نے حکم دیا اسی کو بجا لائے ۔ جب اللہ کو سیاست کی ضرورت نہیں تو انبیاء کو کیسے ضرورت پڑ گئی ۔
۔۔۔ جاری ہے ۔۔۔
آزاد ھاشمی
اکتوبر ٢٢ ، ٢٠١٨
Wednesday, 24 October 2018
اسلام میں سیاست (1)
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment