Sunday, 17 September 2017

اب کیا کرو گے

" اب کیا کرو گے "
اب شاہد خاقان عباسی کے سر پر وزیراعظم کا تاج سج گیا ہے , جمہوریت کی آشیر باد سے . سنا ہے جناب پر بھی اربوں روپے کی کرپشن کا الزام ہے . اب کیا کروگے . کیا جواز باقی ہے قوم کو صادق اور امین قیادت دینے کا . ایک قانون بنا ڈالو کہ خائن اسمبلی میں نہیں آئے گا . ایک تھنک ٹینک بنا لو جو انتخابات میں حصہ لینے والوں کی چھانٹ پھٹک کرے . یقینی طور پر انتخابات کے مخمصے سے جان چھوٹ جائے گی . موجودہ سیاسی نرسری میں شائد ایک آدھ ممبر بچے گا جس کا دامن صاف ہو گا .
قوم کو ایک بات سمجھ ہی نہیں آرہی کہ جو سیاستدان کسی ضرورت مند کی ہتھیلی پر ایک دھیلہ نہیں رکھتے وہ سیاست کی بساط پر کروڑوں کی سرمایہ کاری کیوں کرتے ہیں . جب سب بد دیانت اکٹھے بیٹھیں گے تو وہ دیانت کی راہ کیوں تلاش کریں گے . سیاست تجارت ہے کروڑوں لگاو اربوں کماو . اس سے بہتر دھندہ کیا ہو گا .
یہ قوم کی خدمت کا لولی پوپ ہمیشہ کا وطیرہ ہے . کیا تعجب نہیں کہ جی آئی ٹی کے علم میں ہے کہ کتنے سیاستدان نااہلیت کی بھینٹ چڑھ سکتے ہیں . انکی فہرست عدل کی کرسی پر بیٹھے حلف برداروں کو دے دی گئی مگر کیا ہوا , نواز شریف کے گلے میں پھندا پورا آگیا , بس ڈال دیا . نواز شریف نے اپنی کرسی اپنے جیسے ملزم کو دے دی . کر لو جو کرنا ہے . جنرل صاحب نے بھی اعلان کر دیا کہ گولی مارو حب الوطنی کو , جمہوریت کو بچالو .
قوم کا کام تو ناچنا ہے , بس نچانے والی انگلی زندہ رہے . سوچ سوچ کر سر درد لینے کی کیا ضرورت ہے . ہماری گذر رہی ہے آنے والی نسلوں کی قسمت پر چھوڑو . ہمارا تیار کیا ہوا عذاب انکا نصیب ہو گا . بس جمہوریت زندہ باد . کچھ دیوانے خواب دیکھ رہے ہیں کہ اب کی بار جمہوریت کی جیت ہوگی . ووٹ جیتے گا اور ہم ایک صادق اور امین کو کرسی پر بٹھا کے رہیں گے . یہ جانتے ہوئے بھی کہ ووٹ سے کب انتخاب ہوا ہے . یہ تو غیبی مدد کی کرشمہ سازی ہوتی ہے . پھر بھی امید ہے کہ اب کی بار حق سچ کی جیت ہوگی . جبکہ سارے کے سارے گھاگ ہی میدان میں ہیں اور حق سچ والے ووٹ ڈالنے ہی نہیں جاتے . چھیاسٹھ فیصد کا فیصلہ جمہوریت کے کھیل سے الگ رہنے پر ہوتا ہے اور گیارہ فیصد غیبی ووٹ لینے والا بد عنوان کرسی پر بیٹھ کر ملک کیلئے قانون سازی کرتا ہے . قانون شکن قانون بناتا ہے . اب کیا کروگے . یہ سب میرے اور آپکے اعمال کی سزا ہے . اللہ کی راہ پر نکل پڑو گے تو اللہ کی مدد سے یہ عذاب ٹل جائے گا . تھوڑی سی عقل استعمال کرنا پڑے گی .
ازاد ہاشمی 

No comments:

Post a Comment