" معذرت کے ساتھ "
پوچھنا چاہوں گا کہ غدار کی تعریف کیا ہے ۔ کیا ہر وہ شخص غدار نہیں جو ملکی مفاد کیخلاف کام کرے ۔ اگر یہ مختصر تعریف کافی ہے تو کتنے سیاستدان ہیں جنہوں نے قومی مفادات کے خلاف کام نہیں کیا ۔ کتنے بیورو کریٹ ہیں جو ملک کی اساس کو کھوکھلا نہیں کر رہے ۔
کیا قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانا ، غداری ہے کہ نہیں ؟ اگر ہے تو مذہب کے نام پر کن لوگوں نے یکجہتی کو نقصان پہنچایا ۔ ہم جو اس عمل میں تعاون کرتے ہیں ، کیا ہم بھی غداری ہی نہیں کررہے ہوتے ۔
کیا حلف کے خلاف عمل غداری نہیں ؟ اگر غداری ہے تو کتنے اداروں کے سربراہ اس حلف شکنی کے مرتکب ہیں ۔ اگر یہ ادارے اپنے اپنے فرائض کما حقہُ پورے کرتے تو ملک کے سرمائے سے آف شور اثاثے کیسے بنتے ۔
کیا عدالت کی کرسی پر بیٹھا جج ، جرائم کی بیخ کنی کررہا ہے ؟ اگر نہیں تو کیا حلف سے غداری نہیں ۔
کیا قانون ساز کونسی قانون سازی کرتے ہیں ۔ اگر نہیں کرتے تو مراعات لینا غداری نہیں ؟
ملکی سرحدیں غیر محفوظ نہ ہوتیں تو پڑوسی دشمن اپنے دہشتگرد ہمارے سکون کو برباد کرنے کیسے حدود کے اندر فساد برپا کرتے ۔ اسکا مطلب ہے سرحدوں کے ذمہ دار غافل رہے ۔ یہ غفلت بھی غداری ہے .
ہمارا سفارتی شعبہ کس قدر مفلوج ہے کہ ساری دنیا میں ہماری ساکھ ختم ہوگئی ، کیا یہ غداری نہیں ۔
معذرت کیساتھ سندھی حقوق کی شکایت کرتے ہیں ، بلوچ بھی شاکی ہیں ، پختون بھی گلہ کرتے ہیں ، مہاجر بھی کہتے ہیں کہ انکے حقوق سلب کیئے جاتے ہیں ۔۔ انکے حقوق نہ دینا ، کونسی سی حب الوطنی تھی ۔ وہ حقوق مانگیں تو غداری کا سرٹیفیکیٹ دے کر انہیں آمادہ پیکار کرنا بھی غداری ہی ہے ۔ انہیں سننا چاہئیے تاکہ شکایات کا ازالہ ہو ۔
مجیب الرحمن غدار تھا ، اسے چھوڑ دینا کونسی حب الوطنی تھی ۔ جس نے چھوڑا اسے کسی نے پوچھا کہ
غداری کیوں کی ۔
پوری قوم کے سامنے ایک تصویر بنا کر رکھ دی جاتی ہے ۔ جس کو دل چاہا اچھوت بنا دیا ۔ نہ ہی اسے بولنے کا موقع دیا جاتا ہے ۔ کہ وہ مفروضہ غدار اپنا مافی الضمیر بیان کر سکے ۔
ہمیں عقل اور شعور سے کام لینا ہوگا ۔ سچ بولنے تک محدود نہیں رہنا چاہئیے ، سچ سننے کی بھی عادت ڈالنی چاہئیے ۔ جو غدار ثابت ہو جائے اس سے مصلحت اختیار کرنا بھی غداری ہی کہلائے گا ۔ غداری ثابت ہو تو سزا نہ دینا بھی غداری ہے ۔
آئیے ! جمع تفریق کرتے ہیں اور غداروں کو شمار کرتے ہیں اور محب وطن کو بھی ۔ پھر انصاف کریں گے تو پہلی غداری میرے اور آپکے اوپر ثابت ہو جائے گی ۔ ہم نے غداروں کو پنپنے دیا ، مطلب یہ ہوا کہ ہم نے بھی غداری کی ۔
شکریہ
آزاد ھاشمی
Tuesday, 3 April 2018
معذرت کے ساتھ
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment