" اے اللہ ! میرے وطن کی حفاظت فرما "
اے قادر مطلق ! یہ وطن تیرے دین کے نام پہ حاصل کیا تھا ۔ تو جانتا کہ کتنے لوگ اس پر قربان ہوئے ، تو جانتا ہے کہ کتنے معصوموں کو برچھیوں پہ پرویا گیا ۔ کتنی عصمتیں تار تار ہوئیں ۔ تو نے اپنے کلمے سے وارفتگی بھی دیکھی ۔ یہ سب قربانیاں دینے والے بے بس لوگ تھے ۔ جو تھا وہ بھی لٹا کر یہاں آئے تھے ۔ آنکھوں میں ایک خواب سجا کر کہ یہ دھرتی پاک لوگوں کی ہو گی ۔ یہ امید لے کر کہ یہاں تیرا نام گونجے گا ۔ یہاں سب تیری اور تیرے رسولؐ کی اطاعت کریں گے ۔
اے قادر مطلق ! تو دیکھ رہا ہے ، کہ وطن لٹیروں ، بدکاروں ، شرابیوں اور گناہ کبیرہ کے رسیا لوگوں کے ہاتھ میں آگیا ہے ۔ تیرے بندے کمزور ہیں ، ناتواں ہیں ، بے بس ہیں ، مجبور ہیں اور مظلوم ہیں ۔ کچھ کر بھی نہیں سکتے ۔ سمجھ بھی نہیں آتا کہ یہ بے بس لوگ کیا کریں ۔ لٹتا وطن دیکھ دیکھ کر کڑھتے ہیں ۔ ہاتھ ملتے ہیں ۔ آہیں بھرتے ہیں ۔ اگر کوئی بد نصیب بول اٹھتا ہے تو اسکی عزت نیلام ہو جاتی ہے ۔ کسی مقابلے میں مار دیا جاتا ہے ۔
اے اللہ ! اگر تونے ان بے کسوں کی مدد نہ کی ، اس ملک کی رکھوالی نہ کی ، تو تیرے نام پہ بننے والا یہ ملک ، اقتدار کے حریص تباہ کر دیں گے ۔
ہم بے بسوں کی مدد فرما ۔ اے رحم کرنے والے ، اے کرم کرنے والے ، اے حافظ و ناصر ، اس بے بس قوم کی حفاظت فرما ۔ میرے ملک کو نوچنے والے ان بھیڑیوں سے نجات دلا دے ۔ اگر یہ اصلاح کے قابل ہیں تو انکی اصلاح فرما ۔ اگر یہ ہدایت کے اہل ہیں تو انکی ہدایت فرما ۔ اگر یہ پوری طرح گمراہ ہیں تو ان سے ملک کو ، قوم کو چھٹکارہ دلا ۔ جیسا تو نے موسےؑ کو فرعون سے دلایا تھا ۔
اے اللہ ! قبول فرما
آزاد ھاشمی
١٨ مئی ٢٠١٨
Monday, 21 May 2018
اے اللہ میرے وطن کی حفاظت فرما
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment