" تبلیغ اور اخلاق "
عرب نہ صرف گمراہ تھے , بلکہ اخلاق کی پستی میں بھی اپنی مثال آپ تھے . نہ سننے کے قائل تھے نہ سمجھنے پر راضی ہوتے تھے . جو روایات چلی آتی تھیں وہی انکا دین تھا , وہی ایمان . کون تھا جو انکے رواج اور طریقوں پہ تنقید کر سکے . شراب پیتے تھے , جوا کھیلتے تھے - اس پر انہیں نہ شرمندگی تھی نہ خوف . ایسے لوگوں کے درمیان , ایک یتیم کا اٹھ کے کہہ دینا کہ انکے طور طریقے , کردار , شرک اور گناہ آلود زندگی میں ڈوبے رہنا , گمراہی ہے . گویا ایک بارود کے پہاڑ کو چنگاری دکھانے کے مترادف تھا . اعلان نبوت سے فتح مکہ تک , اس بگڑی ہوئی قوم کو راہ راست پر لانے کیلئے , آپ صل اللہ علیہ وسلم کو جس امر کی سب سے زیادہ تقویت ملی , وہ آپ کا بے مثال اخلاق ہے . کفار کے جبر , ظلم اور مخالفت کی شدت کا یہ عالم کہ ہجرت کرنا پڑی . کفار نے پوری زندگی غزوات اور سرایہ میں الجھائے رکھا . ابو سفیان اور ہندہ کی سفاکیت برداشت کی . پتھر کھائے , جسم مبارک پر کوڑا کرکٹ ڈالا گیا . یہ سب کچھ کرنے والے کون تھے . کفار اور مشرک . ان سب حالات سے گذر کر بھی فتح مکہ پر سب کو معافی . ابوسفیان کو بھی اور اسکی شقی القلب بیوی کو بھی . سب کو معاشرتی مقام کے مطابق عزت بھی دی توقیر بھی . یہ تھی وہ تبلیغ جس نے پوری کائنات کی سرداری کا اعزاز دیا . نہ کسی کو گالی دی , نہ ملامت کی , نہ ماضی کی دشمنی کا ذکر فرمایا .
کیا ہمارے علماء نے اس اسوہ کو اپنایا . کیا اس سنت کو زندگی میں داخل کیا . وہ مبلغ جو تبلیغ میں فساد کی راہ کھولے , کیا سنت نبوی کا مقلد ہو سکتا ہے . سب سے بڑی دلیل کردار اور اخلاق ہوتا ہے . یہی اسوہ حسنہ ہے . مگر آج تبلیغ کا جو انداز اختیار کیا گیا ہے , اس کا پہلا موضوع اپنے مسلک کا پرچار , دوسرا موضوع مخالف مسلک کے عیوب اور حسب ضرورت سچے جھوٹے الزامات کی بھڑاس نکالنا . فروعی معاملات پر کفر کے فتوے . انسانوں کو سورو , خنزیرو , کتو جیسے القاب دینا .
عجیب سا لگتا ہے کہ ہمارے دینی قائدین کو اخلاقیات سے واسطہ کیوں نہیں رہا . یہ کونسا سبق ہے جو مدرسوں نے دیا . ان جیسے اخلاق باختہ لوگ کیا ابلاغ کریں گے . اور دین کی کیا شکل بنا دیں گے .
جن کو اسوہ حسنہ کی تصویر بننا تھا اگر وہ بازاری لونڈوں والی زبان بولیں گے تو مسلمانوں کا کیا تصور ابھرے گا .
ازاد ھاشمی
Thursday, 23 November 2017
تبلیغ اور اخلاق
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment