" سیاست کی ابجد "
سیاست کو علم کہنے والوں کی فکر شائد درست ہو گی . حکمرانی کے اسلوب کو سیاست کہا جاتا ہو گا اور سمجھا بھی جاتا ہو گا . میں نے تو صرف یہی دیکھا کہ سیاست اقتدار تک رسائی کیلئے کھیلا جانے والا مکروہ کھیل ہے . جس کا نہ کلیہ ہے نہ قاعدہ . نہ اخلاق نہ آداب . جب سے دنیا وجود میں آئی اقتدار کی رسہ کشی شروع ہو گئی . مکار کھلاڑی جیتتا رہا اور راہ راست کی تقلید کرنے والے ہارتے رہے . اسی سیاست کے مکار کھلاڑیوں نے جب دیکھا کہ انبیاء لوگوں کو حق کی اگاہی دینے کیلئے بھیجے جاتے ہیں تو انبیاء کو کبھی آگ میں ڈالا , کبھی سولی پر چڑھا دیا اور کبھی گھر بار سے ہجرت پر مجبور کر دیا . اسی اقتدار کے بھوکے نے ایسی سیاست کھیلی کہ آل رسول صل اللہ علیہ وسلم کو روکنے کیلئے ہر وہ جبر کیا جو ممکن تھا . کربلا کے شہید , شام کے قیدی اور امامین کو یکے بعد دیگرے زہر دے کر شہید کر دینا , اسی مکاری کا کریہہ رخ ہے . سیاست کبھی بھی نہ علم تھا نہ اسلوب . آج بھی پوری دنیا میں جمہوریت کے نام پر سیاست کے پجاری , مکاری ہی کر رہے ہیں . کہاں پر انتخابی مہم میں عوام کو گمراہ نہیں کیا جاتا . کون سیاست دان ہے جو عوام کے سامنے آکر کہتا ہے کہ میرا سارا جتن اقتدار کی کرسی کیلئے ہے . سب یہی کہتے ہیں کہ میرے پیٹ میں ملک کی خدمت کا درد ہے . مجھے عوام کی فلاح کا روگ ہے . کونسا ملک ہے جہاں مقتدر لوگ عوام کی جیبوں سے نکلے ہوئے پیسے سے عیاشی نہیں کرتے . کونسا خطہ ہے جہاں مخالفین کو انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جاتا . کونسی قوم ہے جو مخالف کی کردار کشی نہیں کرتی . سیاست اور مذہب دو متضاد راستے ہیں . مذہب اللہ کے احکامات کی پیروی ہے . اصلاح کی ڈگر ہے . پردہ پوشی کا سبق ہے . برائی کا خاتمہ ہے . کردار سازی کا نام مذہب ہے . تہذیب ہے رواداری ہے . دین کو چھوڑ کر جو بھی راہ چنی جائے , وہ بربریت ہے , انسانیت کی موت ہے . مگر شاطر لوگوں نے اسے ایک علم قرار دے دیا . علم کی آماجگاہیں اسے باقاعدگی سے پڑھاتی ہیں اور پیشہ ور سیاسی گھرانے اس میں عبور حاصل کرتے ہیں .
تعجب اسوقت ہوتا ہے جب مذہبی قائدین خود کو سیاستدان کہلا کر خوش ہوتے ہیں اور اس مکاری کو اعزاز سمجھتے ہیں .
عوام کو باور کرایا جاتا ہے کہ ہم اس کھیل سے اسلام کے نظام کی منزل تک جانا چاہتے ہیں . جس سفر کا آغاز مکاری سے ہو اس کی منزل اسلام کبھی نہیں ہو گی . کاش ! ہم لوگوں کو سمجھ آ جائے .
ازاد ھاشمی
Wednesday, 1 November 2017
سیاست کی ابجد
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment