Wednesday, 1 November 2017

رسول پاک کے نعلین

" رسول پاک  کے نعلین "
نبی پاک صل اللہ علیہ وسلم  سے وارفتگی کا اظہار کچھ نعلین رسول کو ماتھے پہ لگا کر کرتے ہیں , کچھ دل کے اوپر سجا کر . اپنی اپنی عقیدت کا اپنا اپنا اظہار اور اپنا اپنا طریقہ ہے . سوال کی گنجائش نہیں کہ وہ کیوں ایسا کرتے ہیں . کرنا چاہئے یا نہیں . محض بحث کو طول دینا لا حاصل  بھی ہے اور تضادات کو ہوا دینا بھی . اس میں دوسری رائے نہیں کہ اللہ کے حبیب صل اللہ علیہ وسلم کے قدموں میں جگہ مل جائے تو یہ ایک بخت کی علامت ہے . اس کے لئے وہ عمل اپنانا زیادہ احسن ہے جو اللہ کے رسول کا اسوہ حسنہ کا حصہ رہا ہے . ہر اس ذات سے محبت کرنا جس سے آپ صل اللہ علیہ وسلم کو محبت تھی , ہر اس شخص سے نفرت کرنا جس  سے آپ کی ذات نالاں تھی . آپ کے معمولات زندگی میں ہمسائے کی خبر گیری بہت اہم تھی . یتیم کے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھنا آپ کا پسندیدہ عمل تھا . غیبت , حق تلفی , دروغ گوئی سے آپ کو نفرت تھی . والدین سے  احسان سے پیش آنے کا ہمیشہ تا کید فرماتے رہے . آپ نے خصوصی طور پر اس بات کا حکم دیا کہ اگر کسی مسلمان کی زبان اور ہاتھ سے دوسرے مسلمان کو تکلیف پہنچے تو وہ ہم میں سے نہیں . معاشرتی برائیوں سے روکا بھی اور روکنے کا حکم بھی دیا .
کیا ایسی بے شمار خوبیوں , جن سے آپ کی  ذات پاک آراستہ تھی , ان کی تقلید بھی ہم کرتے ہیں کہ  نہیں . یہ محاسبہ زیادہ اہم ہے . اللہ کے پاک حبیب صل اللہ علیہ وسلم کا قرب پانے کیلئے آپ کی محبت کو دل میں بسانا زیادہ اہم ہے . اس طرف توجہ نہیں کی تو سب ریا ہے , تصنع ہے , بناوٹ ہے اور خود فریبی ہے . ہمارا کردار بولے کہ ہم اللہ کے حبیب کی  اطاعت سے سرشار ہیں , تو اصل کمال یہی ہے . یہی مطلوب و مقصود ہے .
ازاد ھاشمی

No comments:

Post a Comment