Wednesday, 2 May 2018

قوم کا منشور

" قوم کا منشور "
سیاستدانوں کے منشور ہیں ووٹ کیلئے ۔ قوم کی سادگی اور خلوص کے ساتھ مذاق والے منشوروں سے ہٹ کر دیکھتے ہیں کہ قوم کو کس منشور کی ضرورت ہے ۔
1 ۔ ہماری معیشیت بد حالی کے کنارے پر کھڑی ہے ۔ اس معیشت کی بحالی کا ایسا منشور ہو ، جو قرضوں پر منحصر نہ ہو ۔
2۔ ہمارا پانی بیچ دیا گیا ہے ،  جس وجہ سے ہمارے دریا سوکھ گئے ہیں ۔ زراعت بری طرح متاثر ہے ۔ اس کمی کو پورا کرنے کیلئے دس لاکھ ٹیوب ویل چلائے جا رہے ہیں ۔ اگلے بیس سال میں زیر زمین پانی بھی ضرورت کیلئے کافی نہیں ہوگا ۔ اس کے لئے لائحہ عمل منشور کا حصہ ہونا چاہئیے ۔
3۔ اللہ سبحانہ تعالیٰ نے بیشمار معدنی خزانے عطا کر رکھے ہیں ، اگر ان کو استعمال میں لایا جائے تو معیشیت بہترین ہو سکتی ہے ۔ منشور میں اہمیت دی جائے ۔
4۔ ملک میں عصمت دری کے بیشمار واقعات ہو رہے ہیں ، ہر مجرم کو سر عام سنگساری کا منشور دیا جائے ۔
5۔ عدالتوں کو پابند کیا جائے کہ کوئی بھی کیس ہو ، دو سے تین ماہ میں فیصلہ دیا جائے گا۔
6۔ سرکاری اہلکار کے جرم کی سزا دگنی کی جائے ۔
7۔ قصر صدارت اور وزارت عظمیٰ کے کروڑوں کے بے سود اخراجات ملک کی معیشت پر بوجھ ہیں  ، اسے محدود کرنے کا منشور لایا جائے ۔ 
8۔ اسمبلی ممبران ، سینٹ اور وزراء کی مراعات گریڈ 15 اور گریڈ 20 کے افسران کے مساوی ہوں ۔ اور یہ مراعات تعلیمی قابلیت کو ملحوظ رکھ کر مقرر کی جائیں ۔
9۔ صوبائی اور علاقائی تحفظات دور کئے بغیر امن و امان ممکن نہیں ۔ تمام  تحفظات دور کرنے کا منشور دیا جائے ۔
10۔ اقلیتیں بھی وطن سے مخلص ہیں ، انکے حقوق کو بھی مساویانہ کیا جائے ۔
11۔ وزارت خارجہ بہت بیمار ہے ، اسکے علاج کا منشور دیا جائے ۔
12۔ ملکی سلامتی خلاف کسی بھی تحریک ، ہرزہ سرائی کو بغاوت کا درجہ دیا جائے ، اور بلا امتیاز سزا دینے کا منشور دیا جائے ۔
13۔ قوم کا لوٹا ہوا مال واپس لانے کا منشور دیا جائے ۔
14۔ٹیکس لگانے سے اشیاء ضرورت میں اضافہ ہوتا ہے ، بین الاقوامی تجارت میں مقابلہ نا ممکن ہو جاتا ہے ، جس سے زر مبادلہ کم سے کم ہوتا رہتا ہے ۔ ٹیکس کی بجائے ملکی وسائل سے آمدن کیلئے منشور دیا جائے ۔
15۔ملک میں فساد کی سب سے بڑی وجہ سیاستدانوں کے مفادات ہیں ۔ جنہوں نے علاقائی اور لسانی سیاست کو فروغ دے رکھا ہے ۔ ایسے سیاستدانوں کی حوصلہ شکنی کا طریق بنایا جائے ۔
16۔غیر فعال ادارے فعال کئے جائیں ، یا بند کئے جائیں ۔
17۔وزراء کی تعداد کو محدود کیا جائے ۔ اور وزیر مقرر کرنے سے پہلے اسے میڈیا پر ایک مقررہ ٹیم کے سامنے لایا جائے تاکہ اسکی اہلیت سے قوم اگاہ ہو ۔
18۔جس بیماری کا علاج ملک کے اندر ممکن ہو ، ایسی بیماری کے علاج کیلئے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کی جائے ۔ 
19۔پولیس ، سول سروس ، عدلیہ اور دیگر افسران کو باور کرایا جائے اور وہ قانونی طور پر پابند ہوں کہ بحیثیت سول سرونٹ اپنے فرائض انجام دیں نا کہ بحیثیت حکمران ۔
20۔دیہی اور شہری ترقیاتی منصوبوں میں اسمبلی ممبران کا عمل دخل ختم کیا جائے تاکہ وہ  بہتر قانون سازی کر سکیں ۔
21۔فوج کو ملکی سالمیت پر توجہ تک محدود کیا جائے ، سول معاملات میں لانے سے فوج کی عزت اور احترام متاثر ہوا ہے ۔ اس پر توجہ بہت ضروری ہے ۔
22۔احتساب کا موثر نظام لانے کا منشور دیا جائے ۔
ایسے اور بھی بہت سارے معاملات ہیں جن پر سیاسی پارٹیوں کو توجہ دیتے ہوئے اپنے منشور کا حصہ بنانا چاہئیے ۔ ہر شہری کے بنیادی حقوق فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ قوم کو لالی پاپ نہ دیا جائے کہ آپ کو تعلیم ، علاج معالجہ وغیرہ وغیرہ کی سہولتیں دی جائیں گی ۔
اتنی طویل سوچ سے زیادہ آسان حل ہے کہ قوم کو کہہ دیا جائے ۔ کہ پاکستان اسلامی ملک ہے ۔ یہاں پر تعزیرات اسلام کے مطابق ہونگی ۔ معیشت کا نظام اسلامی ہو گا ۔ قانون اللہ کا ہو گا ، نظام اسلام کا ہوگا ۔
آزاد ھاشمی
٢ مئی ٢٠١٨

No comments:

Post a Comment