" سیاسی کھلواڑ "
پاکستان کی تاریخ کا بہت بھیانک المیہ ہے کہ ہمارے سیاستدان قوم کی سادگی سے بھر پور فائدہ اٹھاتے ہیں ۔ چند ہزار لوگ جنون میں ، مفادات کیلئے یا پھر بکے ہوئے کارکن ، کسی بھی لیڈر کو ایسا مسیحا بنا کر پیش کرتے ہیں کہ قوم بھیڑوں کیطرح اسکے پیچھے چل نکلتی ہے ۔ قوم کو کیا ملتا ہے اور بعد کا ردعمل کیا ہوتا ہے ۔ سب دیکھ رہے ہیں ۔ ایوب خان نے مارشل لاء لگایا اور پھر دس سال حکمران بنا رہا ۔ فاطمہ جناح کو کسطرح شکست دی ، اور کون لوگ تھے جو ایوب کے ساتھ تھے ۔ پھر دس سال بعد قوم کو ایوب کے دست راست نے بتایا کہ ایوب خان نے کیا کیا گل کھلائے ۔ بھٹو نے روٹی ، کپڑا اور مکان تھالی میں رکھا ، جاگیریں ہاریوں کو دے ڈالیں اور قوم کی تقدیر بدلتے بدلتے پھانسی گھاٹ جا بیٹھا ۔ قوم کو خواب دئیے جن کی تعبیر کبھی نہیں نکلی ۔ یحی خان نشے میں دھت رہا ، نہ آئی ایس آئی جاگی اور نہ قوم کو خبر ہوئی ، پاکستان ٹوٹ گیا ۔ پاکستان کی سیاست وراثت کیطرح چلتی ہے اور آج تمام بڑے بڑے سیاستدانوں میں اکثر قوم فروشوں کی اولاد ہیں ۔ بینظیر وارث تھی بھٹو کی ۔ مگر بینظیر سے وراثت زرداری کی گود میں گئی ۔ ہر طرف شور مچ گیا کہ زرداری ملک لوٹ رہا ہے ۔ بعد میں یہی شور مچانے والے مفاہمت کی پالیسی اور جمہوری استحکام کے نام پر باریاں بانٹ کر بیٹھ گئے ۔ قوم دیکھتی رہ گئی کہ بویا کیا تھا ، اگ کیا گیا ہے ۔ افسوس سے ہاتھ ملتے رہے ۔ مگر بے سود ۔ نواز شریف آیا ، بھیک کا کشکول توڑنے ، آئندہ نسلیں بھی گروی رکھ دیں ۔ مذہبی لوگ سدا سے ایک جیسے ہیں ۔ کبھی اس کی جھولی میں کبھی اسکی جھولی میں ۔ ضیاءالحق نے بھی تہجد گزاری کے نام خوب مزے کئے ، جاتے جاتے کراچی میں ایک پودا لگا دیا اور دوسرا افغانیوں کا ہار پہنا گیا ۔ نہ اسلام آیا نہ امن رہا ۔ یہ سارا سلسلہ اسی طرح چلتا رہا ۔ ملک معاشی تباہی کی کنارے پہنچ گیا اور اسمبلیوں میں بیٹھے مسیحا مراعات کی مد میں اربوں ہڑپ کر رہے ہیں قانون سازی کی بجائے بریانی بٹتی رہی ، نالیاں پکی ہوتی رہیں ۔ پینے کا پانی گدلا ہو گیا ، روٹی کا لقمہ بھی چھن گیا ۔
ایک نیا سلسلہ چل نکلا کہ ناچ گانا کرو ، لوگوں کو گالیاں دینا اور سننا سکھا دو ۔ بازاروں میں بہن بیٹیوں کی عزتیں اچھالو ، لیڈروں کے ترانے گاو اور پوری قوم کے مزاج سے حریت نکال کر میراثی بنا دو ۔
اگلا مرحلہ کیا ہو گا ۔ نہ دین ، نہ وقار ، نہ اخلاق اور نہ شرم و حیا ۔
میں اور آپ سب کے سب ماڈرن ۔ لو جی ترقی ہو گئی ۔
آزاد ھاشمی
Wednesday, 2 May 2018
سیاسی کھلواڑ
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment