Saturday, 10 November 2018

نبیؐ کی محبت ، کیسی بدعت؟

" نبیؐ کی محبت ، کیسی بدعت؟ "
عشق رسولؐ کی سرشاری تو ایمان کی معراج ہوتی ہے ، اسے بدعت کیسے کہا جا سکتا ہے ۔
بدعت ، کو جن جن زاویوں سے بھی بیان کیا جاتا ہے ، رسولؐ کی محبت کی سرشاری کسی بھی زاویے سے مطابقت نہیں رکھتی ۔ یہ محبت نہ تو دین میں اختراع ہے ، نہ دین کی تعلیمات کو تبدیل کرتی ہے ، نہ دین سے متوازی کوئی تشریح دیتی ہے ، نہ اللہ کی عبادت میں مخل ہوتی ہے ۔ پھر بدعت کیسے ؟
میلاد النبی ؐ کے معترضین  یہ بھی کہتے ہیں کہ بارہ ربیع الاول تو حضورؐ کا یوم وفات بھی ہے ۔ اسلئے دکھ کی بجائے خوشی چہ معنی دارد ۔ ہم مسلمان بھی عجیب ہیں ، اسی کوشش میں لگے ہوئے ہیں کہ نبیؐ کے وصال کو بھی وہی مفہوم دے ڈالیں جو ہم اپنے اباو اجداد اور دوسرے انسانوں کو دیتے ہیں ۔ مگر یہ سمجھنے کی کبھی کوشش نہیں کرتے کہ " رحمتہ العٰلمین " تو اسوقت تک زندہ ہے جب تک " عالمین " کا وجود ہے ۔ رحمت کو فنا نہیں آتا ہے ، یہ کیوں نہیں سوچتے ۔ یہ ادراک کی منزل ہے کہ نبیؐ کے وصال کو سمجھ لیں اور ادراک کی حد ہر کسی کی الگ الگ ہوتی ہے ۔
رہی بدعت تو جب قرآن نازل ہوا اور اسے ایک شکل دی گئی ، مگر اسے چھاپنے کا کام نبیؐ کے وصال کے بعد ہوا ، اسکے تراجم بعد میں ہوئے ، اس کے حاشیوں میں معانی اور تفسیر بعد میں لکھی گئی ، اس پر اعراب بعد میں لگائے گئے ۔ نماز تراویح کا تسلسل بعد میں ہوا اور اسے باقاعدہ رمضان کا حصہ بعد میں بنایا گیا ۔ ساری احادیث بعد میں جمع ہوئیں ۔ فقہ ، اجتہاد ، فلسفہ ، منطق اور تفاسیر بعد میں لکھی گئیں ۔ سارے مسالک بعد میں وجود میں آئے ۔ ان سب کو کیا کہا جانا چاہئیے ؟؟
چلیں ، اس سے ہٹ کر ایسی بدعات کا ذکر کرتے ہیں جو سراسر اسلام کے اساسی تخیل کے متضاد ہیں اور ہم نے بلا چوں چرا قبول کر رکھی ہیں ۔
جمہوریت کا طرز حکومت نہ نبیؑ کی  تعلیم ہے اور نہ قران کی ۔ ہمارا قانون اسلام کا قانون ہی نہیں ۔ ہمارا رہن سہن اسلام کے مطابق نہیں ۔
ایسی بیشمار بدعات پر شیوخ ، مفسرین ، مجتہد اور محدثین سب خاموش ہیں ۔ ہمارے بیاہ شادی کے سارے رسم نبیؐ کی حیات سے متضاد ہیں ۔ 
نبیؐ کی ولادت پر خوش ہونے والوں کیلئے بدعت کے فتوے ۔ کیا یہ دل کا عناد نبیؐ کیلئے ہے یا خوشی منانے والوں سے مسلکی عداوت ہے ؟
میری ناقص عقل میں کبھی نہیں آیا کہ ایک معصوم بچے سے پیار کرو تو اسکے والدین خوش ہوتے ہیں کہ انکے بچے سے پیار کیا جاتا ہے ۔ پھر اللہ کے حبیبؐ سے پیار کرنے والوں سے اللہ
کیونکر ناراض ہو گا ؟
آزاد ھاشمی
١١ نومبر ٢٠١٨

No comments:

Post a Comment