"شہباز شریف کے نام "
محترم آپ نے فرمایا ہے
" زرداری نے قوم کے ساڑھے چھ ارب لوٹے ۔ نیب واپس لا کر قوم کی دعائیں لے "
قوم آپ کے اس احسان کی ممنون رہے گی کہ آپ نے بتا دیا کہ زرداری بھی چور تھا ۔ پوچھنا یہ تھا کہ جب آپ کے بھولے بھائی صاحب انکے ہم نوالہ ، ہم پیالہ تھے تو یہ چوری آپ کو معلوم تھی یا نہیں ؟ اگر تھی تو آپ نے بھائی جان کو کیوں نہیں بتایا تھا ؟
لوگوں میں یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ نواز شریف تو بھگت طبیعت کے سادہ لوح انسان تھے ۔ شاید انہیں معلوم ہی نہ ہو کہ چھ ارب کتنے ہوتے ہیں ۔ الزام ہے کہ آپ کے بھائی جان نے سینکڑوں ارب کی چوری کی ہے ۔ اور یہ کوشش وہی نیب کر رہی ہے ، جسکو آپ ساڑھے چھ ارب کے چور کی نشاندھی کر رہے ہیں ۔ ظاہر ہے نیب بڑے چور کے بعد چھوٹے چور کیطرف آئے گی ۔
خوشی یہ ہے کہ آپ قوم کے درد میں بول رہے ہیں ۔ ایک اور مہربانی کر دیں کہ یہ سارے ثبوت چیف جسٹس کو دے دیں ، وہ آجکل اس جہاد پر کمر باندھے بیٹھے ہیں کہ سب چوروں کو انجام تک پہنچا دیا جائے ۔ کیا آپ کو لگتا نہیں کہ اکثر چور یا تو پیپلز پارٹی میں ہیں یا پھر آپ کی پارٹی میں ۔ کیا آپ کو لگتا نہیں کہ سیاست دراصل لوٹ مار کرنے والے مافیا کا نام ہے ۔ اللہ آپ کی عمر دراز کرے ، اپنے چند ایم پی اے کو پکڑ لیتے جو چور ہیں ۔ وہ تو آپ کے اختیارات میں آتے تھے ۔ چلو اپنے نہ سہی مخالفین کے ہی پکڑ لیتے ۔ رانا ثناء اللہ کو ہی بتا دیتے ، وہ خود ان سے ایسے ہی نپٹ لیتا ، جیسے طاہرالقادری کے کارکنوں سے نپٹنے کی روایت ڈالی تھی ۔
محترم ! آپ قوم کے نبض شناس سیاستدان ہیں ، لاہور کا نقشہ بدل ڈالا اور لاہورئیے آپ پر فدا ہیں ۔ آپکا ووٹ بنک قائم ہے ۔ آپ خادم اعلیٰ ہونے کا اعلان بھی کرتے ہیں اور اسے اعزاز بھی سمجھتے ہیں ۔ اگر ایک کام کر جائیں تو تاریخ میں امر ہو جائیں گے ۔ یہ وطن کی بھی خدمت ہوگی ، قوم کی بھی اور اسلام کی بھی ۔ کہ زرداری کیطرح ، جس جس چور کا آپکو پتہ ہے ، اس کا اعلان کر دیں ۔ بھلے وہ آپکا بھائی ہو ، بھتیجا ہو ، بیٹا ہو ، داماد ہو یا آپکی پارٹی کا کوئی اہم عہدیدار ۔ اگر آپ نے جرات کر لی تو اللہ کی رحمت اور عوام کا ساتھ آپ کے ساتھ ہو گا ۔ عمران خان ، آپ کا کچھ نہیں بگاڑ سکے گا ۔
کیا آپ ایسا کریں گے ؟ اگر نہیں تو یقینی آپ کے دامن پر بھی داغ ضرور ہونگے ۔ اور آپ قوم کو مزید بیوقوف بنا رہے ہیں
آزاد ھاشمی
٢٤ مئی ٢٠١٨
Monday, 28 May 2018
شہباز شریف کے نام
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment