Wednesday, 3 May 2017

وی وی آئی پی کون



وی وی آئی پی کون




"وی آئ پی" یا "وی وی آئ پی " کا کلچر اصل میں غلام قوموں کی پہچان ہوا کرتا ہے - جس میں حاکم وقت کی فرعونیت کو برقرار رکھنا مقصود ہوتا ہے -اور مغلوب قوم کے افراد کو غیر اہم کر دیا جاتا ہے - سمجھ نہیں آتا کہ یہ کلچر مسلمان مملکتوں میں کیسے رواج پا گیا - چلیں مان لیا کہ جن ملکوں میں بادشاہت رائج ہے وہاں کا نظام ایسا ہوتا ہو گا , مگر جہاں محترمہ جمہوریت براجمان ہے وہاں یہ کلچر کیوں - جمہوریت میں تو حکمران کے گھر چولہا , گاڑی کا ٹائر , محل کی روشنی تو غریب کی کمائی سے چھینی جانے والی دولت سے چلتی ہے - پھر ایسے حکمرانوں کو VVIP کا درجہ کیسے حاصل ہو جاتا ہے - یہ مقام تو اس مزدور کا ہے جو دن بھر چلچلاتی دھوپ میں , یا یخ بستہ ہواؤں میں چتھڑے پہنے رزق حلال کماتے ہیں - یہ حق تو اس استاد کا ہے جو علم کی روشنی بانٹتا ہے - یہ حق تو اس محافظ کا ہے جو جان ہتھیلی پر رکھ حفاظت کی ذمہ داری نبھاتا ہے - یہ حق تو ان  ماؤں کا ہے جو  اپنے جگر گوشے سرحدوں کی حفاظت پہ بھیجے ہوۓ ہیں -
ہم مسلمان ہیں , ہم میں عزت و احترام کا حقدار وہ ہے , جو کردار میں , اخلاق میں , اطوار میں اور عمل میں بلندی پہ ہے - مگر ہمارے وطن , قوم اور معاشرے کے بدترین لوگ , ہماری سادگی , جہالت , غفلت اور بے خبری میں سیاسی چالبازیوں سے , سازش اور دھکم پیل کرتے ہوۓ حکمران بن جاتے ہیں - پھر وہ ملک کو لوٹتے ہیں , امن برباد کرتے ہیں , بنیادی حقوق چھین لیتے ہیں اور اپنی فرعونیت کو تسکین کی خاطر VVIP بن بیٹھتے ہیں -
کیا ہم غلام ہیں اور یہ بدیشی آقا -
شکریہ
آزاد ہاشمی

No comments:

Post a Comment