Saturday, 27 January 2018

شرح سود 6 فیصد ہو گئی

" شرح سود ٦ فیصد ہوگئی "
سٹیٹ بنک آف اسلامی جمہوریہ پاکستان کا اخبارات میں اعلان ۔ سود ایسی برائی ہے ، جسے اللہ کے ساتھ براہ راست جنگ کہا گیا ہے ۔ گویا اللہ نے اس لعنت سے روکا اور پاکستان اسلامی جمہوریہ نے ماتھے پہ سجا لیا ۔ کہا جاتا ہے کہ سود ایسا کریہہ عمل ہے جیسے کوئی بد بخت اپنی ماں سے زنا کرے ۔
اتنی بڑی برائی کا اعلان کیا جاتا ہے ۔ اس ملک میں جسے پاک لوگوں کی  جگہ کہا جاتا ہے ۔ جسکی متبرک پارلیمنٹ میں جید علماء بھی بیٹھے ہیں ۔ اسلام کا ڈھول پیٹنے والے سیاسی پنڈت بھی براجمان ہیں ۔ جہاں بڑی بڑی گدیوں والے پیر بھی صوفی ازم کا پرچار کر رہے ہیں ۔ جہاں لاکھوں دین پڑھانے والے مدرسے عمل پیرا ہیں ۔ جہاں کے شیوخ کفار کے ملکوں میں اسلام کی شمع روشن کرنے کا جہاد کر رہے ہیں ۔ جہاں مذہب کے نام پر مہینوں روڈ بلاک ہو جاتی ہیں ۔ جہاں ناموس رسالت کیلئے لاکھوں سرفروش تیار ملتے ہیں ۔
اس سے بڑی اللہ کی نافرمانی اور رسول پاک ؐ کی کیا توہین ہو گی کہ " سود " کو اعلانیہ لاگو کیا جائے ۔ کیا اس ملک کو اسلامی کہنا مناسب ہو گا جہاں اللہ سے جنگ چھیڑ رکھی ہو ۔ کون ہے جو اللہ سے لڑائی کرے اور جیت جائے ۔ شکست ، بربادی ، رسوائی ، افلاس ، بدامنی اور عزت دری وہ نتائج ہیں جو ہم اس جنگ میں بھگت رہے ہیں ۔ ہے کوئی گدی نشین ولی اللہ ، ہے کوئی قران کی تفسیر لکھنے والا ، ہے کوئی مدرسہ جو اٹھ کھڑا ہو کہ ہم اللہ سے جنگ کے خلاف ہیں ۔ جو ببانگ دہل کہے , یہ پاکستان ہے اسے پاک رکھو ، سود کا متعفن ڈھیر مت لگاو یہاں ۔
کوئی نہیں ۔ میں بھی نہیں آپ بھی نہیں ۔ ہم سب اللہ خلاف لڑی جانے والی جنگ میں اللہ کے خلاف کھڑے ہیں اور دلیل دیتے ہیں کہ سود کے بغیر نظام معیشت چل ہی نہیں سکتا ۔
آزاد ھاشمی

No comments:

Post a Comment