Monday, 5 March 2018

فتوے اور غداری کے سرٹیفیکیٹ

" فتوے اور غداری کے سرٹیفکیٹ "
ہمارے یہاں دو روایات بہت عام ہیں , ایک کفر کے فتوے اور دوسرا غداری کے سرٹیفکیٹ - الله کی وحدانیت کو ماننے والے , رسول کی رسالت پر ایمان رکھنے والے , قران کے احکامات پر چلنے والے اور تمام ایمان کی شرائط پر چلنے والے کسی بھی مسلمان کو چند فروعی اختلافات پر کافر کہہ دینا ایک معمول سا بن کر رہ گیا ہے - اس ایک سوچ اور فکر نے مسلمانوں کی یکجہتی کو بالکل ختم کر دیا ہے - سمجھنا نا ممکن ہو گیا کہ اصل اسلام کونسا ہے , اور کیا راہ حقیقت سے قریب تر ہے - اگر بات یہاں تک رک جاتی تو شاید واپسی کی امید باقی رہ جاتی - مگر ایک دوسرے کو قتل کرنا , جب سے جہاد بنا دیا گیا ہے , تب سے تمام راستے بند ہو گئے ہیں -
دوسرا رحجان , غداری کے وہ کھلے سرٹیفکیٹ ہیں , جو ہمارے سیاستدانوں نے , ہماری نا اہل ایجنسیوں نے اور چند لسانی متعصب لوگوں نے اپنے مخالفین کو بانٹے - جبر کر کے اپنے بھائیوں کے ہاتھوں میں بندوق تھما دی - یہ ثابت کرنے کے لئے کہ جو ہم نے سوچا وہی ٹھیک تھا - اصل مقاصد صرف اور صرف حق گوئی  کی جرات کو ختم کرنا تھے - بنگلہ دیش بن گیا , بلوچستان میں نفرت بڑھ گئی , سندھ کی سوچ تبدیل ہو گئی , پختون سوچ میں پڑ گئے , پنجابی الزامات کی زد میں آ گئے , مہاجر حق تلفی پر برہم ہو گئے - کون بچا جو اس غداری کے بے سرو پا الزامات کا نشانہ نہیں بنا - حقیقت یہ ہے کہ اصل غدار وہ ہیں , جنہوں نے بھائیوں میں نفرت کا بیج بویا - مذھب کے نام پہ یا حب الوطنی کے نام پہ -
یہ اصل غدار آج بھی حب الوطنی کا چوغہ پہنے , اپنے مفادات کی جنگ میں وطن اور قوم کو شکست دینا چاہتے ہیں - اور ہم نے انہی لوگوں کو ہیرو مان رکھا ہے -
شکریہ
آزاد ہاشمی

No comments:

Post a Comment