Saturday, 9 June 2018

کیا ہم نے عہد شکنی نہیں کی

Azad Hashmi
1 min
" کیا ہم نے عہد شکنی نہیں کی "
کیا اسلام قبول کر کے ہم نے اللہ اور اسکے رسول کی اطاعت کا اقرار نہیں کر لیا ۔ کیا ہمارے ایمان کا حصہ نہیں کہ ہم صرف اللہ کو مقتدر و مالک مانیں ۔ کیا اللہ کے احکامات سے رو گردانی کرنے کا کوئی اختیار ہمارے پاس رہ جاتا ہے ۔ کیا ہمارے تمام وسائل و اختیارات اللہ کا کرم نہیں ۔ کیا کوئی ایسا جھول باقی ہے ، جس کے سبب ہمیں اللہ کی راہ چھوڑ کر انسان کے متعین راستے اختیار کرنے کی ضرورت باقی رہتی ہے ۔ کیا اللہ کے سوا کوئی دوسرا ہے جو زندگی اور موت ، عزت اور ذلت پر اختیار رکھتا ہے ۔ نہیں ہر گز نہیں ۔
پھر وہ کیا سبب ہے جسکی وجہ سے ہم نے اللہ کے خوف کو چھوڑ کر دنیا کے طاقتور لوگوں کے سامنے زانو ٹیک رکھے ہیں ۔ اللہ کی زمین پر کفر و الحاد کی اجارہ داری قبول کر رکھی ہے ۔ کیا یہ ایمان کے اس عہد سے فرار نہیں ، جو ہم نے اسلام قبول کر کے اللہ سے کر رکھا ہے ۔ ہم نے اسلام کا نظام عدل ، نظام معیشت ، طرز حکمرانی ، بود و باش اور نظام تعلیم کو کلی طور پر الگ کر ڈالا ہے ۔ دستور پہ اسلام کا ذکر ، حلف برداری میں اقرار و عہد ، عدالتوں میں سچ بولنے کا قرآن پر حلف ، مذہب سے مذاق لگتا ہے ۔ عملی طور پر ہم نے اسلام کو اپنی زندگیوں سے الگ کر دیا ہے ۔
آفات سماوی ، خوف و ہراس ، تنگدستی ، بدکردار حکمرانوں کا تسلط ، سب ان حماقتوں کا ثمر ہے جو ہم اللہ سے عہد شکنی کر کے کئے جا رہے ہیں ۔
شکریہ
آزاد ھاشمی
21 اکتوبر 2016

No comments:

Post a Comment