Saturday, 9 June 2018

اللہ رحمتیں بانٹ رہا ہے

" اللہ رحمتیں بانٹ رہا ہے "
" جو بدبخت روزہ نہیں رکھتا , اللہ کے غضب  کو آواز دیتا ہے . روز قیامت ایسا عذاب ملے گا , جو کئی سالوں  پر محیط ہو گا . اللہ کے غضب  سے ڈرو اے مسلمانوں  "
سپیکر پر آواز گونج رہی تھی . کوئی علامہ روزہ داری کی تلقین فرما رہے تھے . ادھر بابا جی تلملاتے ہوئے کہہ رہے تھے .
" اس ملا نے اپنے پیار کرنے والے رب کو اتنا جابر بنا دیا ہے , کبھی بولتا ہی نہیں کہ  اللہ کے  95 نام امید اور یقین پر ہیں ۔ ارے اللہ کو کیا ضرورت تھی کہ بہانے تلاش کرے , ہمیں جہنم میں ڈالنے کے ۔ وہ  تو تلاش رہا ہے  کہ اس چندرے کو جنت تو دینی ہے ۔ کوئی چھوٹی سی نیکی کرے اور اسے بخشوں " 
بابا جی ! کہہ رہے تھے .
" ارے وہ تو رحمتوں کے دروازے کھولے رکھتا ہے کہ کسی بھی وقت بھٹکا ہوا , خفت کے دو آنسو بہائے اور وہ حکم دے کہ اسکے سارے گناہ معاف کر دو .
ارے اولاد کتنی ہی غلطیاں کیوں نہ کر لے . ایک بار شرمندگی کے ساتھ ماں سے لپٹ جائے تو ماں سینے سے لپٹے بچے کو معاف کرنے میں دیر نہیں کرتی . میرا اللہ تو سات ماوں سے کہیں زیادہ پیار کرنے والا ہے . اس نے توبہ کا در ہمیشہ کھول رکھا ہے . وہ پلٹ آنے والے کو ایک پل میں معاف فرما دیتا ہے . "
" کیا اچھا ہوتا اگر ملا یہ اعلان کرتا , یہ خوشخبری دیتا انسانوں  کو , کہ لوٹ آو اللہ کی طرف . وہ تم سب کو فلاح کیطرف روز پانچ بار بلاتا ہے . عقل سے کام لو . وقت ہے فائدہ اٹھا لو . یہ روزہ رحمت کیطرف بلاوہ ہے , اس بلاوے کو سنو , کیا پتہ پھر یہ بلاوا آنے سے پہلے آخری سانس آجائے "
باباجی کا فلسفہ کبھی کبھی عجیب ہوتا ہے مگر بات دل کو لگتی ہے . کیا کریں گے اگر توبہ  سے پہلے سانس رک گئی . اللہ کی رحمت کا پیغام سنانے سے دل میں نیکی کا جذبہ پیدا ہونا فطری ہے . ہمارے مبلغین کو اللہ کی رحمتوں کو بیان کرکے اللہ کے احکامات کی طرف بلانا ہو گا . نماز , روزہ , حج , زکوات سب امتحان نہیں , رحمتیں بانٹنے کے بہانے ہیں . لوٹ لو رحمتیں , جتنی لوٹ سکو . 
ازاد ھاشمی
9 جون 2017

No comments:

Post a Comment