Friday, 31 March 2017

اے مالک ہماری مدد فرما

" اے مالک ہماری مدد فرما "
ہم تیرے بندے ، تیرے حبیب کی امت کے دعویٰ کرتے ہیں ، اپنی اپنی شعوری قابلیت کے مطابق تیری عبادت کرتے ہیں ، تجھے ہی خالق و مالک مانتے ہیں ، تجھے ہی رازق کہتے ہیں ۔ تیرے حکم کی تعمیل نہیں کر پاتے ، اپنے اسباب کی تگ و دو میں جتے رہتے ہیں ۔ ہماری مدد فرما ۔ ہمیں اپنے راستے پر چلنے کی لگن سے بہرہ مند کر دے ۔ ہمیں وہ عفو در گذر عطا فرما ، جو تیری شان ہے ۔ ہمارے نفاق کو باہمی پیار محبت میں بدل دے ۔ ریا اور مطلب کی عبادات کو خضوع و خشوع کے رنگ میں رنگ دے ۔ ان کی محبت عطا کردے ، جن سے تجھے محبت ہے ۔ انکی دشمنی میں رنگ دے ، جن سے تیری دشمنی ہے ۔
فرقوں میں بانٹنے والوں کے پاس دلائل ہیں ، میرا شعور متزلزل ہے ، سچ اور بناوٹ میں فرق مشکل ہو گیا ہے ، اپنی رحمت فرما اور ہم سب کو وہ راہ دکھا دے ، جو تیری رضا کی راہ ہے ۔ ہمارے دلوں کو حقیقت کی طرف موڑ دے ۔ سچ سے شناسا کر دے۔
ہم گناہوں کی گندگی میں آلودہ ہیں ، تیرے حبیب کی امت ہونے کا حق ادا نہیں کر پا رہے ۔ ہمیں ان تمام گناہوں سے دور کر دے ، جس سے امت مسلمہ کی رسوائی ہو رہی ہے ۔ ہماری زندگیوں کو دوسری قوموں کے سامنے اچھی مثال بنا دے ۔ ہمیں ایسی زندگی ، ایسی راہ پر گامزن کر دے ، جو تیری رضا پر ہو ۔ قبول فرما ۔ اے اللہ قبول فرما ۔
ازاد ہاشمی

No comments:

Post a Comment