Friday, 16 June 2017

مزدور کا دن

" بابا جی ! آج تو مزدور کا دن ہے , آپ آج بھی پکوڑے بنانے میں مصروف ہیں "
بابا جی نے مسکراتے ہوے میری طرف دیکھا , ماتھے سے پسینہ پونچھا اور چولہا آہستہ کرتے ہوے بولے -
" ہاں بیٹا ! مزدور کی چھٹی کا دن نہیں , مزدور کے قتل کا دن ہے - مزدور کا خون تو ہمیشہ بے مول بکتا رہا ہے ' آج بھی بک رہا ہے اور جب تک انسان ہے مزدور  کا  خون بکتا رہے گا - مگر آج تو یاد منائی جا رہی ہے کہ ہزاروں مزدوروں کے خون کے بہانے کے دن کی مناسبت سے - ٹھیک کہ رہا ہوں "
بابا جی نے سوالیہ نظروں سے میری طرف دیکھا -
" سرمایہ دار نے تو کبھی مزدور کے حقوق کو تسلیم ہی نہیں کیا , مگر یہ حکمران بھی تو انہی سرمایہ داروں میں سے ہوتے ہیں , کبھی کسی نے سوچا ہی نہیں , کہ مزدور کی اتنی تو آمدن ہونی چاہیے کہ وہ بھی ہونے بچوں کو تعلیم دلا سکے , بیماری میں اپنی دوائی خرید سکے , رہنے کو اپنی گھر بنا سکے - جاؤ بیٹا !ان  ننھے مزدوروں کو دیکھو جو آج بھی  تپتی دھوپ میں اینٹیں بنا رہے ہونگے - جاؤ انکے ہاتھوں پہ رستے ہوے چھالے دیکھو - انکی آنکھوں میں مرتی ہوئی خواہشات  دیکھو , جو  ہر گھڑی مرتے ہیں اور پھر جینے کی سزا کاٹنے لگتے ہیں , کبھی انکے کے یرغمال ماں باپ کے دلوں میں جھانک کے دیکھو , ہر لمحہ شکاگو کی ریل  انکے جسموں کو روندتی ہوئی ملے گی "
میں حیران تھا کہ بابا جی کے دل میں مزدوروں  کا درد اپنی مجبوریوں سے کہیں زیادہ تھا -
" جانے دو بیٹا ! آج صرف مزدور کی چھٹی نہیں آج بھی سرمایہ دار کی چھٹی ہے - جب بھی مزدور چھٹی کرتا ہے , سرمایہ دار کا کام رکتا ہے - اگر مزدور چھٹی کرتا ہے تو اسکا چولہا نہیں جلتا - زندہ رہنے کیلیے چولہا جلنا ضروری ہے "
بابا جی نے چولہا تیز کیا اور پکوڑے بنانے میں لگ گئے -
شکریہ
آزاد ہاشمی

No comments:

Post a Comment